بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع رتلام میں کچھ پولیس والوں نے مبینہ طور پر ڈی جے کو شادی میں موسیقی چلانے سے روک دیا جس کے خلاف دولہا ، دلہن نے پولیس سٹیشن پر دھرنا دے دیا۔ پولیس سٹیشن میں دھرنے پر بیٹھے دلہا اور دلہن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعرات کی نصف شب کے قریب اس وقت پیش آیا جب دو پولیس اہلکار آڈیوگک پولیس سٹیشن کی حدود میں شادی کے مقام پر پہنچے اور ڈی جے سے موسیقی بجانا بند کرنے کو کہا۔ عینی شاہدین کے مطابق جوڑے نے پولیس اہلکاروں پر پنڈال میں خواتین کے ساتھ بدتمیزی کا الزام لگایا اور اہل خانہ کے ساتھ تھانے پہنچ کر تقریباً تین گھنٹے تک دھرنا دیے رکھا۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دولہا اجے سولنکی نے الزام لگایا کہ پولیس اہلکاروں نے اس کے خاندان کی خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی اور شادی کی تقریب برباد کرکے رکھ دی۔ جوڑے نے اس وقت تک شادی کرنے سے انکار کر دیا تھا جب تک پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی۔ آڈیوگک تھانے کے انچارج راجندر ورما نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کے بعد دولہا اور دلہن شادی کے مقام پر واپس گئے۔