لاہور(زیروپوائنٹ9) لاہور ہائیکورٹ نے زمان پارک میں آپریشن روکنے کے حکم میں کل تک توسیع کردی ،جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ آنے دیں ۔دنیا نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں زمان پارک میں پولیس آپریشن روکنے کیلئے فوادچودھری کی درخواست پر سماعت ہوئی،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل بھی عدالت میں پیش ہوئے،وکیل فوادچودھری نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ جاری کردیا ہے ،جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہاکہ درخواست گزار کہاں ہے؟ 10 بجے کا ٹائم تھا ،یہ آپ کی سنجیدگی ہے کہ درخواست گزار عدالت میں نہیں ہے،وکیل فوادچودھری نے کہاکہ اسلام آباد کی مقامی عدالت میں فیصلہ محفوظ ہے،جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہاکہ سیکشن 76 پڑھیں یہ تو کوئی معاملہ ہے ہی نہیں ،ہر چیز کا حل قانون اور آئین میں موجود ہے، اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے وارنٹس سے متعلق سیکشن 76 پڑھ کر سنایا۔
جنوبی وزیر ستان میں ڈرون حملہ، دو معصوم بچے جاں بحق, سینیٹر کا دعویٰ
جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہاکہ مجھے تو اس سارے ایشو میں مسئلہ ہی کوئی نہیں لگتا، سب قانون میں ہے ،دونوں جانب سے کوئی قانون نہیں پڑھتا ، دوسری باتیں کرتے رہتے ہیں، عدالت نے کہاکہ یہ سارے مسائل قانون نہ پڑھنے کی وجہ سے ہیں ،آج ہم سب مل کر قانون پڑھیں گے ۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہاکہ دونوں جانب سے سسٹم کو جام کیا ہوا ہے ،ایشو وارنٹ کا ہے ، کبھی آپ لاہور ہائیکورٹ آتے ہیں کبھی اسلام آباد ہائیکورٹ جاتے ہیں،آپ کو معلوم ہی نہیں کہ جانا کہاں ہے ،بس قانون کو فالو کرنا ہے ،فواد چودھری کمرہ عدالت میں پہنچ گئے ۔
اظہر صدیق نے کہا کہ یہ سیاسی معاملہ بن چکا ہے، جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہاکہ آپ دونوں پارٹیوں نے بنایاہے ، بس قانون کو فالو کرنے کی ضرورت ہے ، جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہاکہ ساری قوم کو مصیبت میں ڈالاہواہے ، اگر خان صاحب چار کورٹ میں پیش ہوئے تو دوسری میں پیش ہونے سے کیا مسئلہ ہونا تھا ،فوادچودھری نے کہاکہ عمران خان پر حملے کی معلومات سو فیصد کنفرم تھیں، اس لیے ویڈیو لنک سے حاضری کا کہا،جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہاکہ سکیورٹی کا ایک طریقہ کار موجود ہے ،سکیورٹی کی ایک پالیسی ہے اس کے تحت متعلقہ فورم پر درخواست دیں ،آپ اپنے آپ کو سسٹم کے اندر لائیں ،آپ کو پالیسی فراہم کرتے ہیں اس کے تحت اپلائی کریں ،ہر ایک چیز کا ایک طریقہ کار ہے ۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل نے کہاکہ اسلام آبا دہائیکورٹ کا فیصلہ آیاہے ،جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہاکہ میں نے وارنٹ گرفتاری کو ٹچ نہیں کیا، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہاکہ اب اس سماعت کی ضرورت نہیں ہے ،صرف سکیورٹی کی بات ہو سکتی ہے ،جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہاکہ نہ لاہورہائیکورٹ نہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وارنٹ گرفتاری پر عمل سے روکا ہے ۔
لاہور ہائیکورٹ نے زمان پارک میں آپریشن روکنے کے حکم میں کل تک توسیع کردی ،جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ آنے دیں ،عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔